سرکاری قرضوں میں ایک دہائی کے دوران 340 فیصد اضافہ

0
1
سرکاری قرضوں میں ایک دہائی کے دوران 340 فیصد اضافہ

اسلام آباد: پاکستان کے سرکاری قرضوں میں گزشتہ 10 برس کے دوران غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد جون 2026 تک مجموعی سرکاری قرضوں کا حجم 86 ہزار 700 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جون 2016 میں ملک کے مجموعی سرکاری قرضے 19 ہزار 700 ارب روپے تھے، جو جون 2026 تک بڑھ کر 86 ہزار 700 ارب روپے ہوگئے۔ اس طرح ایک دہائی کے دوران سرکاری قرضوں میں تقریباً 67 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق جون 2026 تک مجموعی قرضوں میں 59 ہزار 400 ارب روپے مقامی جبکہ 27 ہزار 300 ارب روپے غیر ملکی سرکاری قرضے شامل تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق جون 2016 میں مقامی سرکاری قرضہ 13 ہزار 600 ارب روپے اور غیر ملکی سرکاری قرضہ 6 ہزار 100 ارب روپے تھا۔

وزارت خزانہ کے ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ جون 2017 میں مجموعی سرکاری قرضہ 21 ہزار 400 ارب روپے رہا، جبکہ جون 2018 میں یہ بڑھ کر 24 ہزار 900 ارب روپے ہوگیا۔

اسی طرح جون 2019 میں سرکاری قرضوں کا مجموعی حجم 32 ہزار 700 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ جون 2020 میں یہ رقم بڑھ کر 36 ہزار 400 ارب روپے اور جون 2021 میں 39 ہزار 900 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان کے سرکاری قرضوں میں مسلسل اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں مجموعی قرضوں کا حجم 2016 کے مقابلے میں کئی گنا بڑھ چکا ہے۔

Leave a reply