رین ایمرجنسی نافذ، ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا خطرہ

0
0
رین ایمرجنسی نافذ، ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا خطرہ

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
اسلام آباد میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے، جبکہ راولپنڈی میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت شہریوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم کئی علاقوں میں بارش کے باوجود گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، سوات، دیر، چترال، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، خیبر، کرم، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان اور دیگر اضلاع میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، بارکھان، خضدار اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں جزوی ابر آلود مطلع کے ساتھ ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، نشیبی علاقوں اور برساتی ندی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a reply