رچرڈ کیٹل برو ٹیسٹ کرکٹ میں 100 میچز میں امپائرنگ کرنے والے پانچویں امپائر بن گئے

0
19
رچرڈ کیٹل برو ٹیسٹ کرکٹ میں 100 میچز میں امپائرنگ کرنے والے پانچویں امپائر بن گئے

لندن: انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف کرکٹ امپائر رچرڈ کیٹل برو نے ٹیسٹ کرکٹ میں 100 میچز میں آن فیلڈ امپائرنگ کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے پانچویں امپائر بن گئے ہیں۔

کیٹل برو نے یہ اعزاز جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران حاصل کیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی ان کی اس کامیابی کو سراہا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کرنے والوں کی فہرست میں پاکستان کے سابق امپائر علیم ڈار پہلے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 145 ٹیسٹ میچز میں فرائض انجام دیے۔ اس فہرست میں اسٹیو بکنر 128، روڈی کرٹزن 108 اور راڈ ٹکر 102 میچز کے ساتھ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے رچرڈ کیٹل برو کو اس کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، مستقل مزاجی اور کرکٹ کے لیے خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

رچرڈ کیٹل برو نے 2009 میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل میچ سے بین الاقوامی امپائرنگ کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے نومبر 2010 میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کے علاوہ کیٹل برو اب تک 114 ون ڈے انٹرنیشنل اور 46 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بھی امپائرنگ کرچکے ہیں۔ وہ 2011، 2015، 2019 اور 2023 کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں، جبکہ 2015 اور 2023 کے ورلڈ کپ فائنلز میں بھی آن فیلڈ امپائر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں۔

رچرڈ کیٹل برو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سمیت متعدد عالمی کرکٹ مقابلوں میں بھی امپائرنگ کرچکے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا یہ اعزاز ان کے طویل بین الاقوامی کیریئر اور کھیل کے لیے خدمات کی اہم مثال ہے۔

Leave a reply