
پاکستان کے معروف ڈیجیٹل تخلیق کار اور فیملی وی لاگر سعد الرحمن المعروف ڈکی بھائی نے حالیہ گفتگو میں شادی، ازدواجی ذمہ داریوں اور طلاق کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ڈکی بھائی نے اپنی اہلیہ عروب جتوئی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادی کو نبھانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ ان کے مطابق اگر کوئی شخص ذہنی طور پر بالغ یا ذمہ دار نہیں تو اسے شادی جیسے اہم فیصلے سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو پہلے ہی اندازہ ہو کہ وہ رشتے کو زیادہ عرصہ نہیں چلا سکے گا تو اسے کسی اور کی زندگی متاثر کرنے کا حق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی ایک سنجیدہ بندھن ہے جسے سمجھداری اور برداشت کے ساتھ نبھانا ضروری ہے۔
ڈکی بھائی نے نوجوان جوڑوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ازدواجی مسائل میں غیر ضروری طور پر دوسروں، خصوصاً خاندان کے افراد کو شامل نہ کریں۔ ان کے مطابق میاں بیوی کو چاہیے کہ وہ آپس میں بات چیت اور سمجھداری سے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں کیونکہ اکثر خاندانوں کی مداخلت معاملات کو مزید پیچیدہ بنا دیتی ہے۔
انہوں نے اپنی اہلیہ عروب جتوئی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں انہوں نے ہمیشہ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ڈکی بھائی کے مطابق زندگی کے چیلنجز میں شریکِ حیات کی حمایت انسان کے لیے بڑی طاقت ہوتی ہے۔









