دبئی اور قطر میں فضائی حملوں کے نتیجے میں متعدد زخمی، حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے

0
99
دبئی اور قطر میں فضائی حملوں کے نتیجے میں متعدد زخمی، حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے

دبئی میں واقع بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل حملے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد زخمی ہوئے۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری کے مختلف حصوں میں دھواں بھر گیا، جس سے مسافروں اور عملے میں وقتی طور پر خوف پھیل گیا۔ حکام نے فوری طور پر امدادی ٹیمیں موقع پر بھیج کر صورتحال کو قابو میں کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چار زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ دھویں کی وجہ سے چند حصوں کو عارضی طور پر خالی کرایا گیا، تاہم کسی بڑے حادثے یا آگ لگنے کی اطلاع نہیں ملی۔
اسی دوران دبئی کے مشہور ہوٹل برج العرب کے باہر بھی ڈرون کو تباہ کرنے کے دوران آگ لگ گئی، جس پر فائر بریگیڈ نے بروقت قابو پا لیا۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، جبکہ ہوٹل کو معمولی نقصان پہنچا۔
اماراتی وزارت دفاع نے حملے کے بعد نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات یا شیلٹرز میں منتقل ہونے کی ہدایت کی۔ وزارت کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں تباہ کر دیا گیا، اور دفاعی نظام پوری طرح متحرک ہے۔
اسی دوران قطر کے دارالحکومت دوحا میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق ایران نے وہاں موجود العدید ایئر بیس پر میزائل داغے، جس سے شہر میں حفاظتی خدشات بڑھ گئے ہیں۔ قطری حکام کے مطابق حملے میں کئی میزائل اور ڈرون استعمال ہوئے۔
علاقائی حکام نے عوام سے ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں، تاکہ کسی بھی طرح کے مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

Leave a reply