برطانیہ کا جیٹ فیول کی ممکنہ کمی سے نمٹنے کے لیے نیا منصوبہ

0
6
برطانیہ کا جیٹ فیول کی ممکنہ کمی سے نمٹنے کے لیے نیا منصوبہ

برطانوی حکومت نے طیاروں کے لیے درکار جیٹ فیول کی ممکنہ کمی سے نمٹنے کے لیے ایک عارضی منصوبہ متعارف کرایا ہے، جس کے تحت فضائی کمپنیوں کو آپریشنل لچک دی جائے گی تاکہ مسافروں کو کم رکاوٹوں کا سامنا ہو۔
حکومتی بیان کے مطابق اس منصوبے کے تحت ایئرلائنز کو اجازت ہوگی کہ وہ ایک ہی دن میں ایک ہی منزل کی متعدد پروازوں کو ملا کر چلائیں، تاکہ نشستوں کا بہتر استعمال ہو سکے اور آخری وقت کی منسوخیوں میں کمی آئے۔
اس کے علاوہ حکومت نے چار ریفائنریوں سے سپلائی بڑھانے اور امریکہ سے اضافی جیٹ فیول منگوانے کے اقدامات بھی شروع کیے ہیں، تاکہ ممکنہ قلت پر قابو پایا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال ملک میں جیٹ فیول دستیاب ہے، تاہم اگر سپلائی میں بہتری نہ آئی تو آئندہ چند ہفتوں میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر جون تک سپلائی مستحکم نہ ہوئی تو یورپی فضائی نظام متاثر ہو سکتا ہے۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب گرمیوں کے سیزن میں برطانیہ سے بیرون ملک سفر کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
نئے قواعد کے مطابق ایئرلائنز کو ایندھن کی کمی کی صورت میں پروازیں منسوخ کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم انہیں پیشگی اطلاع دینا ہوگی تاکہ مسافر متبادل انتظامات کر سکیں یا انہیں دوسری سروسز فراہم کی جا سکیں۔

Leave a reply