امریکا کا 14 بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے درآمدی ٹیرف لگانے کا اعلان

امریکا نے دنیا کے 14 بڑے تجارتی شراکت داروں سے درآمد کی جانے والی مختلف مصنوعات پر نئے محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام مینوفیکچرنگ کے مختلف شعبوں میں ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت اور پیداوار سے متعلق تحقیقات کے بعد کیا جا رہا ہے۔
جن ممالک کو ان تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے، ان میں چین، یورپی یونین، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ویت نام، تائیوان، بنگلادیش، جاپان اور بھارت شامل ہیں۔
اعلان کے مطابق مختلف ممالک اور مصنوعات کے لیے ٹیرف کی شرح الگ الگ ہوگی۔ چین سے درآمد ہونے والی بعض مصنوعات پر 40 فیصد تک، ویت نام پر 35 فیصد تک جبکہ دیگر ممالک پر 20 سے 25 فیصد تک محصولات عائد کیے جا سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بعض ممالک کو ان محصولات میں رعایت بھی مل سکتی ہے، کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی چند تجارتی شراکت داروں کے ساتھ ٹیرف کی زیادہ سے زیادہ شرح مقرر کرنے کے معاہدے کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سپریم کورٹ ٹرمپ انتظامیہ کے سابقہ وسیع البنیاد تجارتی ٹیرف سے متعلق فیصلہ دے چکی ہے۔









