اشتہاری 17 سال بعد اٹلی سے گرفتار

0
84

ہاٹ لائن نیوز: پنجاب پولیس نے قتل کیس میں مطلوب اشتہاری کو 17 سال بعد اٹلی سے گرفتار کرلیا۔

مجرم اشتہاری ابرار حسین نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2006 میں گوجرانوالہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں دو شہریوں کو قتل کیا اور واقعے کے بعد پہلے جنوبی افریقہ اور پھر ہالینڈ فرار ہو گیا۔

پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کیا اور گرفتاری کے لیے فالو اپ جاری رکھا۔ ملزم کو بالآخر تین ماہ قبل اٹلی سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انسپکٹر خالد وریہ کی قیادت میں ٹیم اشتہاری کو لے کر اٹلی سے پاکستان روانہ ہوئی جو آج رات پاکستان پہنچے گی۔

آئی جی پنجاب نے اے کیٹیگری کے خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے پر سپیشل آپریشن سیل گوجرانوالہ کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جلد قانونی عمل مکمل کر کے مجرم کو قرار واقعی سزا دی جائے جبکہ قتل، ڈکیتی اور اغوا کی وارداتوں میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے۔ ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدہ معلومات کا تبادلہ کیا جائے۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز بیرون ملک فرار خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔

واضح رہے کہ رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرموں کی مجموعی تعداد 129 ہوگئی ہے۔

Leave a reply