ارجنٹینا: دورانِ پرواز انسٹرکٹر پائلٹ کی خودکشی، زیرِ تربیت طالبہ نے طیارہ بحفاظت اتار لیا

ارجنٹینا کے وسطی علاقے میں پیش آنے والے ایک غیرمعمولی واقعے میں ایک فلائٹ انسٹرکٹر نے تربیتی پرواز کے دوران طیارے سے چھلانگ لگا دی، جبکہ ان کی زیرِ تربیت طالبہ نے ہنگامی صورتحال میں طیارہ بحفاظت زمین پر اتار لیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز ارجنٹینا کے شہر ٹولیڈو کے قریب پیش آیا۔ 42 سالہ فلائٹ انسٹرکٹر ایک سیسنا 150 طیارے میں 22 سالہ طالبہ کو پرواز کی عملی تربیت دے رہے تھے۔
رپورٹس میں طالبہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دورانِ پرواز انسٹرکٹر نے اسے پرواز جاری رکھنے کی ہدایت دی، پھر اپنا ہیڈسیٹ اور سیٹ بیلٹ اتار کر طیارے کا دروازہ کھولا اور باہر نکل گئے۔
واقعے کے بعد امدادی اہلکاروں نے انسٹرکٹر کی لاش برآمد کر لی، جبکہ طالبہ نے شدید دباؤ اور خوف کے باوجود طیارے کو محفوظ انداز میں لینڈ کر لیا۔ فلائنگ اسکول کے مطابق طیارے کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
فلائنگ اسکول کے ڈائریکٹر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انسٹرکٹر کے رویے میں اس سے قبل کوئی غیرمعمولی بات سامنے نہیں آئی تھی۔ ان کے مطابق وہ اسی روز ایک اور تربیتی پرواز بھی معمول کے مطابق مکمل کر چکے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دورانِ پرواز طیارے کا دروازہ کھولنا آسان نہیں ہوتا، اس لیے واقعے کی تمام وجوہات کا تعین تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
ارجنٹینا کے سرکاری پراسیکیوٹر کے دفتر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ پرواز کے دوران پیش آنے والے حالات کیا تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفی ایک تجربہ کار پائلٹ تھے اور ماضی میں چلی میں بھی بطور فلائٹ انسٹرکٹر خدمات انجام دے چکے تھے۔








