
پاکستانی اداکار آغا علی نے کہا ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کو غیر ضروری طور پر عوامی بنانے کے حق میں نہیں ہیں اور جب بھی شادی کریں گے، اس کا اعلان خود اور فخر سے کریں گے۔
ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں آغا علی نے اپنی ذاتی زندگی، سوشل میڈیا اور تعلقات سے متعلق مختلف سوالات کے جواب دیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی رشتے میں صرف ایک فرد شامل نہیں ہوتا، اس لیے شادی سے پہلے ذاتی تعلقات کو عوام کے سامنے لانا مناسب نہیں سمجھتے۔
آغا علی کے مطابق، رشتوں کے مستقبل کے بارے میں پہلے سے یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہا جا سکتا، اسی وجہ سے وہ اپنی نجی زندگی کو نجی رکھنا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ مستقبل میں شادی کریں گے تو اس کا باقاعدہ اعلان خود کریں گے۔
اداکار نے سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے منفی رجحانات پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ دوسروں کی ذاتی زندگی پر غیر ضروری تبصرے کرتے ہیں، جو مناسب رویہ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ آغا علی اور اداکارہ حنا الطاف نے 2020 میں شادی کی تھی، تاہم بعد ازاں دونوں کی راہیں جدا ہو گئیں۔








