آئی سی سی کا بڑا فیصلہ، ورلڈ کپ میں پاکستان، بھارت کے شائقین کے لیے خوشخبری

0
25
آئی سی سی کا بڑا فیصلہ، ورلڈ کپ میں پاکستان، بھارت کے شائقین کے لیے خوشخبری

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے نئے فارمیٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ٹورنامنٹ کے ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
آئی سی سی کے نئے منصوبے کے مطابق ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ابتدائی مرحلے میں کم درجہ بندی رکھنے والی تین ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی، جن میں سے صرف ایک ٹیم مرکزی مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ میں چھ ٹیمیں شامل ہوں گی۔
اس بار سابقہ “سپر سکس” مرحلے کی جگہ “سپر سیون” متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ کوارٹر فائنلز کا مرحلہ ختم کر دیا گیا ہے۔ سپر سیون کے بعد بہترین ٹیمیں براہِ راست سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ کا مقصد ٹورنامنٹ کو مزید دلچسپ اور مسابقتی بنانا ہے تاکہ ہر میچ کی اہمیت برقرار رہے اور غیر مؤثر مقابلوں کی تعداد کم ہو۔
اس تبدیلی کے نتیجے میں، اگر پاکستان اور بھارت دونوں سپر سیون مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو شائقین کو ایک ہی ورلڈ کپ میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان دو مقابلے دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔
آئی سی سی نے 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں بھی تبدیلی کی منظوری دی ہے۔ نئے نظام کے تحت گروپ مرحلے سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی، جبکہ سیمی فائنل میں رسائی کے لیے ایک نیا ایلیمینیٹر مرحلہ بھی شامل کیا گیا ہے۔
ادھر آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی مالی معاونت کے لیے 12.82 ملین امریکی ڈالر قرض دینے کی منظوری بھی دی ہے۔ یہ فیصلہ بورڈ کو مالی امور اور انتظامی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

Leave a reply