
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بلےباز اور سابق کپتان کین ولیمسن نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق، ولیمسن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والی وائٹ بال سیریز میں شرکت نہیں کریں گے تاکہ دسمبر میں شیڈول تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔
کین ولیمسن نے 2011 میں ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا اور اپنے کیریئر میں 93 میچز کھیلتے ہوئے 2 ہزار 575 رنز بنائے، جن میں 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ وہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹی ٹوئنٹی میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے 75 میچوں میں ٹیم کی قیادت بھی کی اور بلیک کیپس کو دو مرتبہ سیمی فائنل (2016، 2022) اور ایک مرتبہ فائنل (2021) تک پہنچایا۔
کین ولیمسن نے اپنے بیان میں کہا کہ “مجھے محسوس ہوا کہ اب وقت ہے کہ میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ایک قدم پیچھے ہٹ جاؤں۔ یہ میرے اور ٹیم، دونوں کے لیے درست وقت ہے۔”
انہوں نے نئے کپتان مچل سینٹنر کو ایک باصلاحیت لیڈر قرار دیتے ہوئے ٹیم کے مستقبل پر اعتماد ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ کین ولیمسن ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔









