
چین میں ایک نیا تجربہ کیا گیا جس میں ملک کی میگنیٹک لیویٹیشن (میگ لیو) ٹرین نے صرف دو سیکنڈ میں 700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر لی، اور دنیا کی تیز ترین ٹرین کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا گیا۔
یہ ٹیسٹ چین کی نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفنس ٹیکنالوجی کے ماہرین نے انجام دیا، جس میں تقریباً ایک ہزار کلوگرام وزن رکھنے والی ٹرین کو انتہائی مختصر وقت میں اس حیران کن رفتار تک پہنچایا گیا۔ رفتار حاصل کرنے کے بعد ٹرین نے محفوظ طریقے سے خود کو روک لیا۔
یہ ٹرین سپر کنڈکٹنگ میگنیٹس کی مدد سے پٹری سے معلق رہتی ہے، جس سے رگڑ ختم ہو جاتی ہے اور اس کے نتیجے میں غیر معمولی رفتار حاصل کرنا ممکن ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اس منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم پچھلے دس سال سے اس ٹیکنالوجی پر تحقیق کر رہی ہے، اور جنوری 2025 میں ایک تجربے میں یہ ٹرین 648 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ چکی تھی۔








