
لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں قذافی اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھر گیا، جہاں کرکٹ کے دیوانوں نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
ہفتے کے روز لاہور میں ہونے والے اس مقابلے میں 32 ہزار 437 شائقین نے اسٹیڈیم میں موجود رہ کر میچ کا لطف اٹھایا۔ اتنی بڑی تعداد میں شائقین کی آمد کے باعث اسٹیڈیم اسکرین پر “ہاؤس فل” کا اعلان کیا گیا۔
یہ پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں میں سب سے زیادہ تماشائیوں کی موجودگی کا نیا ریکارڈ ہے، جو ملک میں کھیل سے عوام کی محبت کا واضح ثبوت ہے۔
میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ گرین شرٹس نے 140 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا۔
لاہور کے پرجوش کرکٹ شائقین نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ اپنے قومی کھیل اور ٹیم سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں۔









