عالمی میڈیا کا غزہ میں صحافیوں کے قتل پر خاموش احتجاج

دنیا بھر کے 70 سے زائد ممالک میں 250 سے زیادہ میڈیا اداروں نے غزہ میں صحافیوں پر جاری حملوں کے خلاف ایک منفرد احتجاج میں حصہ لیا ہے۔ اس احتجاج کے دوران مختلف اخبارات، نیوز ویب سائٹس، ٹی وی چینلز اور ریڈیو اسٹیشنز نے اپنے فرنٹ پیجز، ہوم پیجز اور نشریاتی سکرینز کو سیاہ کر کے آزادی صحافت کے حق میں خاموش آواز بلند کی۔
یہ عالمی احتجاج صحافیوں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم “رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز ” اور عالمی مہم “آواز ” کی جانب سے ترتیب دیا گیا، جس کا مقصد غزہ میں صحافیوں کو درپیش خطرات، میڈیا کی آزادی اور تحفظ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، غزہ میں جاری تنازع کے دوران اب تک 220 سے زائد صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ درجنوں زخمی یا لاپتہ بھی ہوئے ہیں۔ یہ صورتحال آزادی اظہار اور میڈیا کے تحفظ کے حوالے سے شدید تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
احتجاج کے دوران دنیا بھر میں کئی ٹی وی اور ریڈیو اسٹیشنز نے مشترکہ بیانات نشر کیے، جب کہ آن لائن پلیٹ فارمز نے اپنے ہوم پیجز پر سیاہ اسکرین یا یکجہتی کے بینر آویزاں کیے۔
تنظیموں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں صحافیوں کے تحفظ، آزادانہ رپورٹنگ کے حق، اور میڈیا کو نشانہ بنانے کے واقعات کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنائیں۔









