زلزلے کے شدید جھٹکوں سے کولمبیا لرز گیا، درجنوں عمارتیں منہدم

بوگوٹا: کولمبیا کے مغربی حصے میں آنے والے 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف علاقوں میں عمارتیں گرنے اور ملبے تلے لوگوں کے دبے ہونے کے واقعات کے باعث ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 111 تک پہنچ گئی ہے۔
زلزلے کا مرکز صوبہ چوکُو کے علاقے سان ہوزے ڈیل پالمر کے قریب بتایا گیا ہے، جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ تقریباً 107 کلومیٹر زیرِ زمین آیا۔
حکام کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان ریسارالدا اور ویلے ڈیل کاؤکا کے علاقوں میں ہوا۔ ریسارالدا میں 40 اور ویلے ڈیل کاؤکا میں 27 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ چوکُو، کالداس اور انٹیوکیا میں بھی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پیریرا، کالی، کوئبدو اور مانی زالیس سمیت کئی شہروں میں عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ بعض مقامات پر عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہوگئیں۔ کالی کے حکام کے مطابق کئی منہدم عمارتوں میں لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور زندہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ممالک ایکواڈور اور پاناما میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم وہاں بڑے پیمانے پر جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔
کولمبیا کی جیولوجیکل سروس کے مطابق حالیہ زلزلہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ملک میں ریکارڈ کیا جانے والا شدید ترین زلزلہ ہے۔ زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث حکام نے متاثرہ علاقوں میں نگرانی مزید بڑھا دی ہے۔
قدرتی آفت کے باعث ملک کے کئی ہوائی اڈوں پر فضائی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں اور بعض پروازیں عارضی طور پر معطل کرنا پڑیں۔ پیریرا کے ایئرپورٹ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں زلزلے کے دوران عمارت کے کچھ حصے متاثر ہوتے اور مسافروں کو محفوظ مقامات کی جانب جاتے دیکھا گیا۔
چوکُو کا علاقہ کولمبیا کے نسبتاً دور افتادہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ گھنے جنگلات اور دشوار گزار جغرافیے کے باعث بعض متاثرہ مقامات تک امدادی ٹیموں کی رسائی ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے، جس کی وجہ سے نقصانات کی مکمل تفصیلات سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔
کولمبیا کے نئے صدر ابیلاردو دے لا ایسپرییلا نے زلزلے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، طبی امداد اور بحالی کے اقدامات جاری ہیں۔
امریکا سمیت متعدد ممالک نے کولمبیا کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے اور ضرورت پڑنے پر امداد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی صورتحال پر نظر رکھنے اور ضرورت کے مطابق معاونت فراہم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد زلزلے سے ہونے والے مجموعی جانی و مالی نقصان کی زیادہ واضح تصویر سامنے آسکے گی، جبکہ مزید آفٹر شاکس کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے









