
دنیا بھر میں متعدد واٹس ایپ صارفین نے شکایت کی ہے کہ ان کے اکاؤنٹس اچانک بلاک یا عارضی طور پر ڈس ایبل ہوگئے، جس کے باعث وہ ایپ تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ صارفین کو واٹس ایپ پر ایک پیغام موصول ہو رہا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ان کے اکاؤنٹ اور ڈیوائس کی معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ پلیٹ فارم کی شرائط و ضوابط پر عمل کیا جا رہا ہے۔ پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 24 گھنٹوں کے اندر مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔
میٹا نے ایک بیان میں اس مسئلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا، جسے دور کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ کمپنی کے مطابق متاثرہ صارفین کے اکاؤنٹس تک رسائی جلد بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اب تک کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ مسئلہ کن ممالک یا خطوں کے صارفین کو متاثر کر رہا ہے، نہ ہی خرابی کی بنیادی وجہ سے متعلق تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ دنیا بھر میں اربوں افراد استعمال کرتے ہیں، اس لیے محدود پیمانے کی تکنیکی خرابی بھی بڑی تعداد میں صارفین کو متاثر کر سکتی ہے۔









