
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے دائر ہتک عزت کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مراد سعید کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر لگائے گئے کرپشن، اختیارات کے غلط استعمال اور غیر قانونی کمیشن کے الزامات ثابت نہیں ہو سکے، جن سے انکی ساکھ اور عزت متاثر ہوئی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ الزامات احسن اقبال کی دیانت اور کردار پر براہِ راست اثر انداز ہوئے اور عوام میں ان کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا۔ عدالت کے مطابق مراد سعید اپنے الزامات کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکے۔
عدالت نے مزید کہا کہ احسن اقبال نے 10 ارب روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم شواہد اور حالات کو دیکھتے ہوئے یہ رقم زیادہ قرار دی گئی، جس کے بعد 25 لاکھ روپے ہرجانے کا حکم جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ مراد سعید نے 2019 میں ملتان سکھر موٹر وے منصوبے سے متعلق احسن اقبال پر کرپشن کے الزامات عائد کیے تھے، جس پر احسن اقبال نے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔








