
راولپنڈی: جی ایچ کیو میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 99ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چین کے دفاعی اتاشی، سفارتی حکام اور پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو یومِ تاسیس کی مبارکباد پیش کی اور چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن کے لیے اس کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی دیرینہ، مضبوط اور باہمی اعتماد پر مبنی ہے، جو مختلف ادوار اور حالات میں مستحکم رہی ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کی مسلح افواج خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کے فروغ کے لیے باہمی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔









