صرف 30 منٹ کی یہ عادت، شوگر کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار!

0
7
صرف 30 منٹ کی یہ عادت، شوگر کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار!

صحت ماہرین کے مطابق روزانہ معمولی رفتار سے چہل قدمی جسم میں بلڈ شوگر کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور ذیابیطس جیسے دائمی مرض کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مسلسل 20 سے 30 منٹ تک ہلکی رفتار سے چلنے سے خون میں شکر کی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق گھر کے اندر، باہر یا ٹریڈ مل پر کی جانے والی چہل قدمی بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
تحقیق میں مختلف مطالعات کا جائزہ لیا گیا جس میں بیٹھنے، کھڑے ہونے اور چلنے پھرنے کے دوران جسم میں انسولین، بلڈ شوگر اور بلڈ پریشر میں ہونے والی تبدیلیوں کا موازنہ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق جسمانی سرگرمی نہ صرف شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ دل کی بیماریوں سمیت کئی دیگر دائمی مسائل کے خطرے کو بھی کم کر سکتی ہے۔
صحت مند افراد میں عام طور پر کھانے سے پہلے بلڈ شوگر کی سطح 100 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر سے کم جبکہ کھانے کے بعد 140 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر سے کم ہونا بہتر سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو باقاعدگی سے بلڈ شوگر ٹیسٹ کروانا چاہیے، جبکہ موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول میں اضافے یا خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ رکھنے والے افراد کو زیادہ احتیاط کرنی چاہیے۔
روزمرہ زندگی میں چہل قدمی کو معمول بنانا، متوازن غذا اختیار کرنا اور جسمانی سرگرمی بڑھانا ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات میں شامل ہیں۔

Leave a reply