
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جو 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے جبکہ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ راولپنڈی، مری، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سوات، چترال، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور گردونواح میں موسم جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات موجود ہیں، جبکہ بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں سے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
حکام کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالا باغ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔
کالا باغ کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 62 ہزار جبکہ اخراج 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تونسہ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 10 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 90 ہزار کیوسک ہے۔
حکومت پنجاب نے ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، کچے اور کمزور مکانات سے دور رہنے، آندھی، طوفان اور بجلی گرنے کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ندی نالوں، دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔









