
اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ایندھن کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کی جا سکتی ہیں۔
مجوزہ نظام کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کا اختیار دیا جا سکتا ہے۔ نئی قیمتیں ہر روز رات 12 بجے سے نافذ العمل ہونے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق اس طریقہ کار کے نفاذ کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حتمی تعین میں حکومت کا کردار محدود ہو جائے گا، جبکہ قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے رجحانات اور دیگر متعلقہ عوامل کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا مقصد قیمتوں کے تعین کے عمل کو زیادہ خودکار اور مارکیٹ کے حالات سے ہم آہنگ بنانا ہے۔ تاہم اس تجویز کو حتمی شکل دینے سے قبل متعلقہ اداروں کے درمیان مشاورت جاری ہے۔









