
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر میں ایم کیو ایم یا اس کے بانی سے منسوب طرز کی سیاست نہیں دیکھنا چاہتے۔
بلاول بھٹو کی زیر صدارت آزاد کشمیر سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں کے فیصلے پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد ایک آئینی فورم تشکیل دیا جانا چاہیے، جہاں تمام فریق بیٹھ کر کشمیری عوام سے متعلق معاملات پر فیصلے کریں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت نے مظاہرین کے مطالبات پورے کیے ہیں، احتجاج کا ایک طویل سلسلہ چل چکا ہے اور اب مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے زور دیا کہ حقوق کے حصول کے لیے نظام کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آزاد کشمیر کے انتخابات تک وہاں موجود رہیں گے۔
ادھر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے کشمیر کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔









