سعودی عرب جانے والوں کے لیے خوشخبری، نیا ویزا سسٹم متعارف

سعودی عرب نے سیاحوں کے لیے ایک نیا ویزا پیکیج متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مسافروں کو ویزا، فلائٹ ٹکٹ اور ہوٹل کی سہولت ایک ہی پیکیج میں فراہم کیجائے گی۔ سعودی وزارتِ سیاحت کیمطابق اس اقدام کا مقصد بیرونِ ملک سے آنیوالے افراد کیلیے سفر کے مراحل کو آسان اور تیز بنانا ہے۔
نئے نظام کے ابتدائی مرحلے میں چند منتخب ممالک کے شہریوں کو یہ سہولت دی گئی ہے، جن میں بھارت، اردن، مصر، بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور میکسیکو شامل ہیں۔
اس پیکیج کے تحت مسافر منظور شدہ ٹریول ایجنسی کے ذریعے اپنی بکنگ مکمل کریں گے، جس کے بعد ویزا کے اجرا کا عمل خودکار طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق ویزا، انشورنس اور دیگر سفری دستاویزات مسافر کو آن لائن فراہم کی جائیں گی۔
سعودی حکام کے مطابق یہ ایک مرتبہ داخلے والا سیاحتی ویزا ہوگا، جس کی مدت تین ماہ تک ہوگی۔ اس ویزے پر مسافر کم از کم دو دن اور زیادہ سے زیادہ 88 دن تک سعودی عرب میں قیام کر سکے گا۔
پیکیج حاصل کرنے کے لیے چند شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں۔ مسافر کے پاس واپسی سمیت مکمل سفری ٹکٹ ہونا ضروری ہوگا، جبکہ ہوٹل حکومت سے منظور شدہ اور کم از کم چار ستارہ معیار کا ہونا چاہیے۔
اس پیکیج کی ابتدائی قیمت فی بالغ مسافر کے لیے پہلے دو دنوں کی تقریباً 4 ہزار سعودی ریال مقرر کی گئی ہے، جبکہ اضافی قیام کی صورت میں مزید فیس ادا کرنا ہوگی۔ مسافر اپنی ضرورت کے مطابق تفریحی سرگرمیوں اور دیگر سہولیات کو بھی پیکیج میں شامل کروا سکتے ہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ پیکیج عمرہ یا مکہ و مدینہ کی خصوصی سہولیات پر مشتمل نہیں ہوگا، تاہم ویزا حاصل کرنے کے بعد زائرین سعودی عرب کے مختلف شہروں کا سفر کر سکیں گے۔
سعودی وزارتِ سیاحت کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس سہولت کو مزید ممالک تک وسعت دینے کا منصوبہ ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد آسانی کے ساتھ سعودی عرب کا سفر کر سکیں۔








