
پشاور: خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ شہریوں کے لیے ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، جس کے تحت اب ڈرائیونگ لائسنس موبائل فون میں محفوظ رکھا جا سکے گا۔
ٹریفک حکام کے مطابق شہری “رابطہ” ایپ کے ذریعے اپنا شناختی کارڈ نمبر اور ڈرائیونگ لائسنس نمبر درج کر کے چند لمحوں میں ڈیجیٹل لائسنس حاصل کر سکتے ہیں، جو ٹریفک چیکنگ کے دوران قابل قبول ہوگا۔
اس نئی سہولت کے بعد ہر وقت کاغذی ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی، کیونکہ موبائل میں موجود ڈیجیٹل لائسنس کو بھی قانونی حیثیت حاصل ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو جدید، آسان اور تیز رفتار سرکاری خدمات فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بیرونِ ملک سفر کرنے والے افراد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن ویزا تصدیق کی سہولت متعارف کرائی جا چکی ہے۔ حکام کے مطابق مستقبل میں مزید سرکاری خدمات کو بھی مرحلہ وار ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سہولت اور شفاف خدمات میسر آ سکیں۔









