رائن ایئر کی پرواز میں سنسنی خیز واقعہ،

یونان سے جرمنی جانے والی ایک پرواز میں دورانِ سفر خوفناک صورتحال پیدا ہوگئی جب طیارے کی ایک کھڑکی اچانک خراب ہو کر اپنی جگہ سے ہٹ گئی، جس کے باعث ایک مسافر شدید متاثر ہوا۔
واقعہ یونان کے شہر تھیسالونیکی سے جرمنی کے شہر میمنگن جانے والی پرواز میں پیش آیا۔ پرواز نے اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد ہی ہنگامی صورتحال کے باعث واپسی کا رخ کیا۔
رپورٹس کے مطابق 61 سالہ مسافر کھڑکی کے قریب بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک کھڑکی کا حصہ الگ ہوگیا، جس کے بعد وہ جھٹکے سے کھڑکی کی جانب کھنچ گیا۔ قریب موجود مسافروں نے فوری طور پر اسے پکڑ کر واپس نشست پر لایا۔
مسافر کو گردن اور کندھے پر چوٹیں آئیں جبکہ جسم پر معمولی زخم بھی آئے، جس کے بعد اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
مسافروں کے مطابق واقعے کے وقت طیارے میں اچانک زور دار آواز سنائی دی، کیبن کا دباؤ متاثر ہوا اور آکسیجن ماسک نیچے آگئے۔ کئی مسافر خوفزدہ ہوگئے جبکہ عملے نےفوری صورت حال کو قابو میں کیا۔
ایئرلائن کے مطابق طیارے کو حفاظتی اقدامات کے تحت واپس تھیسالونیکی ایئرپورٹ پر اتارا گیا، جہاں تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ بعد میں مسافروں کو منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل طیارے کا انتظام کیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق طیارہ بوئنگ 737-800 ماڈل کا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ کھڑکی خراب ہونے کی اصل وجہ سامنے آسکے۔
ماہرینِ ہوا بازی کے مطابق دورانِ پرواز ایسے واقعات بہت کم ہوتے ہیں، تاہم یہ واقعہ ایک بار پھر سیٹ بیلٹ باندھے رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کیونکہ اچانک دباؤ میں کمی کی صورتحال میں حفاظتی اقدامات انتہائی ضروری ہوتے ہیں۔








