
واشنگٹن میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات دوسرے روز بھی جاری رہے، جن میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور معاشی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری کامرس جواد پال کر رہے ہیں، جبکہ امریکی محکمہ تجارت کے حکام بھی مذاکرات میں شریک ہیں۔
مذاکرات کے دوران پاکستان نے امریکی منڈی میں پاکستانی برآمدات پر عائد 19 فیصد ٹیرف میں کمی کی درخواست پیش کی تاکہ پاکستانی مصنوعات کی رسائی بہتر ہو اور برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
فریقین نے سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، آئی ٹی کے شعبے میں شراکت داری اور مشترکہ کاروباری مواقع سمیت مختلف اقتصادی امور پر بھی گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
سرکاری سطح پر مذاکرات کے حتمی نتائج یا کسی معاہدے کا باضابطہ اعلان ابھی سامنے نہیں آیا۔









