
اسلام آباد: حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کی آج 27ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر پاک فوج نے عظیم سپوت کی بہادری، استقامت اور وطن کے لیے دی گئی لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برسی کے موقع پر افواجِ پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان نے حوالدار لالک جان شہید کی خدمات اور قربانی کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ 7 جولائی 1999 کو حوالدار لالک جان نے دشمن کے مسلسل حملوں کے باوجود اپنی چوکی کا بھرپور دفاع کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے مورچہ چھوڑنے سے انکار کیا اور آخری سانس تک اپنے ساتھیوں کی قیادت کرتے ہوئے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جس کے دوران وہ شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔
بیان کے مطابق حوالدار لالک جان شہید کی قربانی بہادری، ثابت قدمی اور وطن سے بے لوث محبت کی روشن مثال ہے، جو آئندہ نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔









