آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ (ن) کا جہلم سے مہاجرین نشستوں پر بھرپور مہم چلانے کا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک، 5 جولائی 2026) — پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں مہاجرین کی نشستوں پر منظم اور بھرپور انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں جہلم کے علاقے بدلوٹ میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی رہائش گاہ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے سینئر رہنما اور مقامی قائدین نے شرکت کی۔
اجلاس میں آزاد کشمیر اسمبلی کے مختلف حلقوں سے نامزد امیدوار بھی موجود تھے، جبکہ پارٹی کے متعدد سابق اراکینِ اسمبلی اور تنظیمی عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع جہلم میں انتخابی حکمتِ عملی، پہلے سے طے شدہ فیصلوں پر عملدرآمد اور آئندہ لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ چاروں تحصیلوں میں انتخابی ذمہ داریوں کی تقسیم اور پولنگ ڈے کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق انتخابی مہم کو بھرپور انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
دیگر رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کشمیر کے عوام کے مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔









