
اسلام آباد میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں اضافے کے پیش نظر اندازہ لگایا گیا ہے کہ 2030 تک پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے اجلاس میں الیکٹرک وہیکل پالیسی پر دی گئی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس وقت تک پاکستان میں 12 ہزار 800 سے زائد الیکٹرک گاڑیاں اور تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلیں تیار یا استعمال میں لائی جا چکی ہیں۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت نے دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے 9 ارب روپے کی سبسڈی مختص کی ہے۔ اسی پالیسی کے تحت اہل خریداروں کو الیکٹرک موٹر سائیکل کی خریداری پر فی موٹر سائیکل 80 ہزار روپے تک سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا اور ایندھن کی درآمد پر انحصار کم کرنا ہے۔









