ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

0
2
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک روزہ دورۂ پاکستان کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن، اقتصادی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے ایرانی صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے، تجارت کے فروغ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ صدر زرداری نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی اور تکنیکی سطح کے مذاکرات خطے میں مستقل استحکام اور امن کی راہ ہموار کریں گے۔
صدر مملکت نے اس موقع پر مسلم امہ کے اتحاد کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوط اور مثبت تعلقات برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور حالیہ چیلنجز کے دوران پاکستان کیجانب سے ملنے والی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کیساتھ سیاسی، اقتصادی، سیکیورٹی اور علاقائی تعاون کومزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان بھی ملاقات ہوئی، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان بھی مذاکرات کا انعقاد کیا گیا۔
دورے کے دوران پاکستان اور ایران نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave a reply