
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مغلپورہ میں پولیس گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے مقدمے کا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا۔
استغاثہ کے مطابق کیس میں مجموعی طور پر 22 ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا گیا تھا، جبکہ ٹرائل کے دوران پراسیکیوشن کے 37 گواہوں کے بیانات اور شواہد کا جائزہ لیا گیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران دو ملزمان ارباز زمان اور الٰہی بخش کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
عدالت نے مجموعی طور پر 15 ملزمان کے حوالے سے فیصلہ سنایا، جبکہ باقی قانونی معاملات قانون کے مطابق آگے بڑھائے جائیں گے۔









