کشمیری عوام پرامن رہیں اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں، نواز شریف

0
0
کشمیری عوام پرامن رہیں اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں، نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جماعت کی سینئر قیادت اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران نواز شریف نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا واضح مؤقف رکھتی ہے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کے آئینی حقوق، بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کو اہمیت دی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسے حالات پیدا نہیں ہونے چاہییں تھے جو کشیدگی کا باعث بنیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی حقوق کے لیے آئینی اور جمہوری طریقوں کے تحت جدوجہد کی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے نظریاتی اور فکری تعلق کو برقرار رکھتے ہوئے پرامن رویہ اختیار کریں اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔

اجلاس میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ آزاد کشمیر کی عوام، مقامی حکومت، وفاقی حکومت اور مختلف سیاسی جماعتیں مل کر امن و استحکام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ملک میں بھائی چارے، برداشت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کی ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ حالات میں پاکستان کی حکومت اور دفاعی اداروں نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس لیے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے مخالف عناصر کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہو۔

اجلاس کے شرکا نے آزاد کشمیر میں حالیہ واقعات کے دوران جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ افراد کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران خدمات انجام دینے پر انجینئر امیر مقام کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔

Leave a reply