
میٹا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ٹیکنالوجی کو مزید مؤثر انداز میں فیس بک میں شامل کرتے ہوئے متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔ کمپنی کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد صارفین کے لیے مواد کی تلاش، تخلیق اور باہمی رابطے کو زیادہ آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
نئے فیچرز میں سب سے نمایاں اے آئی موڈ ہے، جو فیس بک پر معلومات تلاش کرنے کے طریقہ کار کو تبدیل کر سکتا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین روایتی سرچ نتائج میں مختلف پوسٹس دیکھنے کے بجائے براہِ راست سوالات پوچھ سکیں گے، جبکہ اے آئی فیس بک کی عوامی پوسٹس کی بنیاد پر مختصر اور متعلقہ جوابات فراہم کرے گا۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نظام کی درستگی اور قابلِ اعتماد ہونے کا اندازہ اس کے عملی استعمال کے بعد ہی لگایا جا سکے گا، کیونکہ جوابات صارفین کے تیار کردہ مواد کی بنیاد پر مرتب کیے جائیں گے۔
میٹا نے ویڈیوز کی تدوین کے لیے بھی نئے اے آئی ٹولز متعارف کرائے ہیں، جن کی مدد سے صارفین اپنی ویڈیوز کو بہتر اور زیادہ دلکش بنا سکیں گے۔
اس کے علاوہ اے آئی فوٹو پری سیٹس نامی ایک نیا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے، جو صارفین کو مختلف ملبوسات، ہیئر اسٹائلز اور دیگر انداز میں اپنی تصاویر کا تصور دیکھنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
یاد رہے کہ فیس بک میں گزشتہ چند ماہ کے دوران مصنوعی ذہانت سے متعلق متعدد سہولیات شامل کی گئی ہیں۔ رواں سال کے آغاز میں متعارف کرائے گئے ایک فیچر کے ذریعے صارفین اپنی ساکت پروفائل تصاویر کو متحرک شکل میں تبدیل کر سکتے ہیں۔









