امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے پر آج دستخط متوقع؟

0
29
امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے پر آج دستخط متوقع؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک نئے معاہدے پر اتوار کے روز دستخط متوقع ہیں، جس کے بعد آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجوزہ معاہدہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ ماضی کے جوہری معاہدوں سے مختلف ہوگا اور اس کا مقصد خطے میں استحکام کو فروغ دینا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سابق امریکی انتظامیہ کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نئے معاہدے کے تحت ایران کو کسی قسم کی مالی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران اب جوہری ہتھیاروں کے حصول میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
امریکی صدر کے مطابق معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بھی گفتگو کی اور کہا کہ مستقبل میں جوہری مواد کے حوالے سے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔
بیان میں صدر ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں امن اور تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا خطے کے ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔
دوسری جانب پاکستانی حکام بھی امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں کے حوالے سے امید کا اظہار کر چکے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
تاہم معاہدے، اس کی شرائط اور دستخط کی حتمی تاریخ کے حوالے سے امریکا اور ایران کی جانب سے باضابطہ مشترکہ اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply