مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس میں نمایاں تبدیلیاں

0
13
مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس میں نمایاں تبدیلیاں

حکومت نے مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار اور نوکری پیشہ افراد کے لیے انکم ٹیکس کے نظام میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ نئے ٹیکس ڈھانچے کے تحت ٹیکس سلیبز کی تعداد چھ سے بڑھا کر آٹھ کر دی گئی ہے تاکہ مختلف آمدنی رکھنے والے افراد پر ان کی مالی حیثیت کے مطابق ٹیکس عائد کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ تقریر کے دوران بتایا کہ حکومت نے تنخواہ دار طبقے کے کئی اہم طبقات کو ٹیکس ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ آمدنی والے افراد پر عائد 9 فیصد اضافی سرچارج بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

نئے ٹیکس نظام کے مطابق ماہانہ 50 ہزار روپے تک آمدنی رکھنے والے افراد ٹیکس سے مستثنیٰ رہیں گے۔ 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے ماہانہ آمدنی والے افراد پر ایک فیصد ٹیکس برقرار رکھا گیا ہے، جو مقررہ حد سے زائد آمدنی پر لاگو ہوگا۔

اسی طرح ایک لاکھ سے ایک لاکھ 75 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والے افراد پر 6 ہزار روپے سالانہ فکس ٹیکس کے ساتھ 11 فیصد شرح لاگو ہوگی۔ ایک لاکھ 75 ہزار سے 2 لاکھ 66 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والوں کے لیے ایک لاکھ 16 ہزار روپے فکس ٹیکس کے ساتھ 20 فیصد شرح مقرر کی گئی ہے۔

2 لاکھ 66 ہزار سے 3 لاکھ 41 ہزار روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والوں پر 3 لاکھ 16 ہزار روپے فکس ٹیکس اور 25 فیصد شرح لاگو ہوگی، جبکہ 3 لاکھ 41 ہزار سے 4 لاکھ 66 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والوں پر 5 لاکھ 41 ہزار روپے فکس ٹیکس کے ساتھ 29 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

اسی طرح 4 لاکھ 66 ہزار سے 5 لاکھ 83 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والے افراد پر 9 لاکھ 76 ہزار روپے فکس ٹیکس اور 32 فیصد شرح مقرر کی گئی ہے، جبکہ 5 لاکھ 83 ہزار روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے افراد پر 14 لاکھ 24 ہزار روپے فکس ٹیکس کے ساتھ 35 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔

حکومت کے مطابق نئے ٹیکس ڈھانچے سے متوسط اور نسبتاً زیادہ آمدنی رکھنے والے ملازمین کو مالی ریلیف ملے گا۔ مثال کے طور پر سالانہ 24 لاکھ روپے آمدنی والے افراد کے ٹیکس میں تقریباً 6 ہزار روپے کمی ہوگی، جبکہ 36 لاکھ روپے سالانہ آمدنی رکھنے والوں کو 51 ہزار روپے تک ریلیف مل سکتا ہے۔

اسی طرح سالانہ 48 لاکھ روپے آمدنی والے افراد کو ایک لاکھ 17 ہزار روپے جبکہ 56 لاکھ روپے سالانہ آمدنی رکھنے والوں کو تقریباً ایک لاکھ 65 ہزار روپے تک ٹیکس میں کمی کا فائدہ حاصل ہوگا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مہنگائی کے دباؤ میں گھرے تنخواہ دار طبقے کو مالی سہولت فراہم کرنا اور ٹیکس نظام کو زیادہ منصفانہ بنانا ہے۔

Leave a reply