
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں ایک نوجوان کی انسٹاگرام پوسٹ پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے بروقت پہنچ کر اس کی جان بچا لی۔
رپورٹس کے مطابق نوجوان نے اپنے گھر سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جس میں اسے ایک سفید رنگ کا مشروب پیتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو کے ساتھ اس نے ایک پیغام بھی لکھا جس سے خودکشی کے خدشے کا اظہار ہوتا تھا۔
انسٹاگرام پر یہ مواد سامنے آنے کے بعد میٹا کے سسٹم نے اسے خطرناک مواد سمجھتے ہوئے فوری طور پر مقامی پولیس کو الرٹ بھیجا۔ شام تقریباً 6:53 بجے یہ اطلاع پولیس کنٹرول روم کے سوشل میڈیا مانیٹرنگ سینٹر تک پہنچی۔
حکام کے مطابق دستیاب موبائل نمبر اور لوکیشن ڈیٹا کی مدد سے پولیس فوری طور پر نوجوان کے گھر پہنچی جہاں وہ تشویشناک حالت میں موجود تھا۔ اہل خانہ کی مدد سے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بروقت طبی امداد کے باعث اس کی جان بچا لی گئی۔
پولیس نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ نوجوان ذاتی رشتے کے خاتمے کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا، جس کے باعث اس نے یہ قدم اٹھانے کی کوشش کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ 2022 سے میٹا کے ساتھ مل کر ایک نظام کے تحت ایسے معاملات کی نگرانی کی جا رہی ہے، جس میں خودکشی سے متعلق پوسٹس پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ اسی نظام کے تحت ہزاروں افراد کی جانیں بچائی جا چکی ہیں۔
پولیس کے مطابق یکم جنوری 2023 سے 31 مئی 2026 تک ایسے درجنوں واقعات پر بروقت کارروائی کر کے ہزاروں افراد کو محفوظ بنایا گیا ہے۔









