
ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 830 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 55 ہزار 63 روپے کا ہو گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 547 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونے کا نرخ 3 لاکھ 89 ہزار 534 روپے تک پہنچ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں بہتری دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 28 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد 4 ہزار 326 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیاں براہِ راست مقامی مارکیٹ کو متاثر کرتی ہیں، جس کے باعث عالمی نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
حالیہ اضافے کے بعد سرمایہ کاروں اور خریداروں کی توجہ دوبارہ سونے کی جانب مبذول ہو گئی ہے، جبکہ مارکیٹ میں آئندہ دنوں کے رجحان پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ فی تولہ سونا 3 ہزار 94 روپے سستا ہوا تھا، جبکہ مسلسل تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر 17 ہزار 52 روپے کی کمی دیکھی گئی تھی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 785 روپے کمی کے بعد نرخ 3 لاکھ 86 ہزار 987 روپے تک آ گئے تھے۔









