کراچی: فیس لیس ای ٹکٹنگ کے تحت ہزاروں گاڑیاں بلیک لسٹ، یکم جولائی سے کریک ڈاؤن کا اعلان

0
36
کراچی: فیس لیس ای ٹکٹنگ کے تحت ہزاروں گاڑیاں بلیک لسٹ، یکم جولائی سے کریک ڈاؤن کا اعلان

کراچی میں ٹریفک پولیس اور محکمہ ایکسائز نے فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے تحت بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 40 ہزار گاڑیوں کو بلیک لسٹ قرار دے دیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ اقدام ان گاڑیوں کے خلاف کیا گیا ہے جن کا ریکارڈ مکمل نہیں، ملکیت کی منتقلی (ٹرانسفر آف اونرشپ) نہیں کی گئی یا رجسٹریشن کے دوران فراہم کردہ معلومات، خصوصاً پتہ، غلط یا نامکمل پائی گئی ہیں۔

ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ یکم جولائی 2026 سے بلیک لسٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کی جائے گی۔ اس دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والی یا واجبات ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کو جرمانوں کے علاوہ ضبط بھی کیا جا سکتا ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں کا ریکارڈ درست کرائیں، ملکیت کی منتقلی مکمل کریں اور ای ٹکٹنگ سمیت تمام بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائیں۔

پولیس کے مطابق سندھ پولیس کے TRACS پورٹل پر بلیک لسٹ گاڑیوں کی فہرست دستیاب ہے، جہاں شہری اپنی گاڑی کا نمبر یا شناختی کارڈ نمبر درج کر کے اس کی حیثیت چیک کر سکتے ہیں۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد بلیک لسٹ گاڑیوں کے مالکان کو قانونی نوٹسز، جرمانوں اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے شہری بروقت اپنے کاغذات اور واجبات کو درست کر لیں۔

Leave a reply