تیزاب حملے میں زخمی خاتون ڈاکٹر کا کراچی میں علاج جاری

0
7
تیزاب حملے میں زخمی خاتون ڈاکٹر کا کراچی میں علاج جاری

کوئٹہ میں تیزاب سے متاثر ہونے والی لیڈی ڈاکٹر کو مزید علاج کے لیے کراچی کے ایک نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی خصوصی نگہداشت جاری ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق مریضہ کا معائنہ پلاسٹک سرجری اور آنکھوں کے ماہرین نے مکمل کر لیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹر کے جسم کے مختلف حصوں بشمول چہرہ، پیٹ، ٹانگ اور دائیں ہاتھ پر جلنے کے نشانات موجود ہیں۔
مریضہ کو اسپیشل کیئر یونٹ میں رکھا گیا ہے اور ان کی حالت کو مجموعی طور پر تسلی بخش قرار دیا جا رہا ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق جسم کا تقریباً 13 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے، جبکہ آنکھیں متاثر ہونے کے باوجود بینائی محفوظ ہے۔
ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران دوبارہ طبی معائنہ کیا جائے گا تاکہ علاج کے اگلے مراحل کا تعین کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال میں پیش آیا تھا جہاں ایک شخص نے لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینک دیا تھا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں پہلے مقامی اسپتال اور بعد میں بہتر علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا۔

Leave a reply