اٹلانٹک ایکسپلورر کی تاریخی پرواز: ہائیڈروجن غبارے سے بحرِ اوقیانوس عبور

ایک غیر معمولی سائنسی اور فضائی مہم میں تین رکنی ٹیم نے ہائیڈروجن سے بھرے کھلے غبارے کے ذریعے بحرِ اوقیانوس عبور کرنے کا کامیاب تجربہ مکمل کر لیا۔ ٹیم نے امریکہ سے یورپ تک تقریباً تین دن مسلسل پرواز کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ پرواز امریکی ریاست میئن کے علاقے پریسک آئل سے 4 جون کو شروع ہوئی۔ اس مہم کی قیادت پائلٹ برٹ پیڈلٹ نے کی جبکہ ان کے ساتھ پیٹر کیونیو اور ایلیسیا ہیمپلمین ایڈمز بطور معاون شریک تھے۔
پرواز کے دوران غبارہ اوسطاً 24 ہزار فٹ کی بلندی پر رہا اور تقریباً 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندر کے اوپر سفر کرتا رہا۔ ٹیم اس سے قبل 2024 اور 2025 میں بھی اسی نوعیت کی کوشش کر چکی تھی تاہم موسم کی خرابی اور تکنیکی مسائل کے باعث کامیابی حاصل نہیں ہو سکی تھی۔
اس بار مشن کامیاب رہا اور ٹیم نے کھلے ٹوکری والے ہائیڈروجن غبارے میں بحرِ اوقیانوس کو عبور کرنے کا ایک منفرد کارنامہ انجام دیا، جسے اپنی نوعیت کی ایک غیر معمولی پیشرفت قرار دیاجارہا ہے۔
مشن کا مقصد صرف طویل فاصلے کی پرواز نہیں تھا بلکہ مختلف فضائی طبقات سے نمونے جمع کرنا بھی شامل تھا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق ٹیم نے فضا میں موجود مائیکرو آرگنزمز اور قدرتی پروٹینز سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، جس کے ممکنہ استعمال طب، بایو فیول اور زراعت جیسے شعبوں میں بتائے جا رہے ہیں۔









