گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات: 24 حلقوں میں کل پولنگ، 396 امیدوار میدان میں

0
4
گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات: 24 حلقوں میں کل پولنگ، 396 امیدوار میدان میں

گلگت بلتستان اسمبلی کے چوتھے عام انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ووٹرز 24 انتخابی حلقوں میں اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 480 ہے۔ ان میں 5 لاکھ 3 ہزار 772 مرد اور 4 لاکھ 54 ہزار 7سو08 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

انتخابات میں مجموعی طور پر 396 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ انتخابی عمل کے لیے 1368 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز کو سہولت کے ساتھ ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتوں نے جلسوں، کارنر میٹنگز اور عوامی رابطہ مہمات کے ذریعے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران مختلف جماعتوں نے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق اپنے مؤقف پیش کیے۔

امیدواروں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان پیپلز پارٹی 23 حلقوں میں، مسلم لیگ (ن) 22 حلقوں میں، استحکام پاکستان پارٹی 15 نشستوں پر جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی مختلف حلقوں میں انتخابی میدان میں موجود ہیں۔ تحریک انصاف سے وابستہ 19 امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں، جبکہ آزاد امیدواروں کی مجموعی تعداد 266 ہے۔

انتخابات میں 8 خواتین امیدوار بھی حصہ لے رہی ہیں، جو مختلف حلقوں سے عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے میدان میں ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق گلگت بلتستان کے یہ انتخابات علاقے کی سیاسی سمت کے تعین کے ساتھ ساتھ قومی سیاست پر بھی اثرات مرتب کر سکتے ہیں، جس کے باعث انتخابی نتائج پر ملک بھر کی سیاسی جماعتوں کی گہری نظر ہے۔

Leave a reply