اسلام آباد میں توانائی بچت کے لیے کاروباری اوقات محدود، نئے اوقات کار نافذ

0
5
اسلام آباد میں توانائی بچت کے لیے کاروباری اوقات محدود، نئے اوقات کار نافذ

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کی بچت کے پیش نظر کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار مقرر کر دیے ہیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ہدایات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گی۔

نئے ضوابط کے تحت وفاقی دارالحکومت کی تمام مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کیے جائیں گے۔ ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، تندور، کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل کی دکانیں اور بیکریاں رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔

انتظامیہ نے شادی ہالز اور مارکیز کو بھی ہدایت کی ہے کہ تقریبات رات 10 بجے تک مکمل کر لی جائیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیز، اسپتال، میڈیکل لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز کو ان پابندیوں سے استثنا حاصل ہوگا۔ اسی طرح پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، دودھ اور ڈیری شاپس پر بھی نئے اوقات کار لاگو نہیں ہوں گے۔

مزید برآں، ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز حسبِ معمول جاری رہیں گی، جبکہ جم، پیڈل کورٹس اور دیگر کھیلوں کی سہولیات بھی معمول کے مطابق کام کر سکیں گی۔ آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی اپنے معمول کے اوقات کے مطابق سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات توانائی کے بہتر استعمال اور بجلی کے ضیاع میں کمی لانے کے مقصد سے کیے گئے ہیں۔

Leave a reply