مومنہ اقبال تنازع: فارچیونر، ہونڈا سوک اور مہنگی گھڑی کا معاملہ سامنے آگیا

0
7
مومنہ اقبال تنازع: فارچیونر، ہونڈا سوک اور مہنگی گھڑی کا معاملہ سامنے آگیا

معروف اداکارہ مومنہ اقبال اور سابق رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان جاری تنازع نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ثاقب چدھڑ اب اداکارہ کو دیے گئے قیمتی تحائف اور دیگر اخراجات کی قانونی واپسی چاہتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ثاقب چدھڑ کے وکیل میاں علی اشفاق کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان کئی برس تک قریبی تعلقات رہے اور معاملہ شادی تک پہنچ چکا تھا۔ وکیل کے مطابق اسی نیت کے تحت اداکارہ کو مہنگے تحائف دیے گئے، جن میں ایک فارچیونر گاڑی، ہونڈا سوک اور قیمتی گھڑی سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔

دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں خاندان اس رشتے پر رضامند تھے، تاہم بعد میں بعض معاملات سامنے آنے پر تعلقات میں اختلافات پیدا ہوگئے۔ وکیل کے مطابق بعد ازاں معاملات وقتی طور پر بہتر ہوئے اور شادی کی تیاریاں بھی شروع ہوئیں، لیکن صورتحال اس وقت دوبارہ خراب ہوگئی جب ثاقب چدھڑ کو مبینہ طور پر اداکارہ کی کسی اور جگہ شادی طے ہونے کا علم ہوا۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس معاملے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا، جبکہ ایک مقدمہ درج ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ دوسری جانب مومنہ اقبال کی بہن کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی شادی مقررہ تاریخ پر ہی انجام پائے گی۔

ابتدائی اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شادی کی پیشکش مسترد ہونے کے بعد اداکارہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے، تاہم ثاقب چدھڑ کے وکیل نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا مؤکل صرف دیے گئے تحائف اور اخراجات کی واپسی چاہتا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، جبکہ دونوں جانب سے مختلف دعوے سامنے آنے کے باعث اصل حقائق جاننے میں دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔ تاہم تاحال کسی بھی دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

Leave a reply