
ذکیہ احمد، جو “ریور” کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی افغان خاتون بن گئی ہیں۔ انہوں نے جمعرات کی صبح نیپالی گائیڈز دوا تینزنگ شیرپا اور پھربا گیالجین شیرپا کے ہمراہ 8,848 میٹر بلند چوٹی کامیابی سے سر کی۔
ذکیہ احمد ایک افغان پناہ گزین اور انسانی حقوق کی کارکن ہیں۔ طالبان کے اقتدار میں واپسی کے بعد وہ افغانستان چھوڑ کر آسٹریلیا منتقل ہو گئی تھیں، جہاں انہیں پناہ ملی۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے اس مہم کے لیے اجازت نامہ بھی آسٹریلوی دستاویزات کی بنیاد پر حاصل کیا۔
ماؤنٹ ایورسٹ ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں واقع دنیا کی بلند ترین چوٹی ہے، جہاں ہر سال دنیا بھر سے کوہ پیما سخت موسمی حالات، کم آکسیجن اور دشوار گزار راستوں کے باوجود مہم جوئی کے لیے پہنچتے ہیں۔
ادھر سلمان عتیق نے بھی جمعرات کی صبح ماؤنٹ ایورسٹ کامیابی سے سر کر لیا۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سلمان عتیق دنیا کی اس بلند ترین چوٹی تک پہنچنے والے 14ویں پاکستانی کوہ پیما بن گئے ہیں۔
سلمان عتیق اس سے قبل دنیا کے آٹھویں بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ مناسلو کو بھی سر کر چکے ہیں۔ الپائن کلب حکام نے ان کی کامیابی کو پاکستان میں کوہ پیمائی کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔









