ایران میں ہزاروں سال پرانا درخت، صدر پزشکیان کی ٹرمپ کو بالواسطہ یاد دہانی؟

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک قدیم درخت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس کی عمر اور تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی ہے۔
پزشکیان کے مطابق یہ “سرو” کا درخت تقریباً ساڑھے چار ہزار سال پرانا ہے اور اسے ایشیا کے قدیم ترین جانداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ درخت اس خطے میں اس وقت سے موجود ہے جب یہ سرزمین ہزاروں سال پہلے بھی ایران کے نام سے پہچانی جاتی تھی۔
یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر مختلف رہنماؤں کے ثقافتی ورثے اور تاریخی مقامات کے دوروں اور بیانات پر بھی بحث جاری رہتی ہے۔
اس سے پہلے ایک موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چین کے دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے انہیں ایک خصوصی سرکاری باغ دکھایا تھا، جہاں تقریباً 490 سال پرانے درخت بھی موجود ہیں، جبکہ بعض درختوں کی عمر ایک ہزار سال سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔
اس واقعے کے بعد ایرانی صدر کی جانب سے قدیم درخت کی تصویر شیئر کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی مختلف آرا کا اظہار کیا ہے۔ کچھ صارفین کے مطابق اس نوعیت کی پوسٹس کو سیاسی بیانات کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر اس پس منظر میں جب مختلف رہنماؤں کے درمیان بیانات اور جوابی ردعمل سامنے آتے رہتے ہیں۔








