کوئٹہ: سیکیورٹی اداروں کی کارروائی، اسلام آباد میں ممکنہ خودکش حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ

0
7
کوئٹہ: سیکیورٹی اداروں کی کارروائی، اسلام آباد میں ممکنہ خودکش حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران مبینہ طور پر ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے جسے خودکش حملے کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، اور اس کارروائی کے ذریعے اسلام آباد میں ایک بڑے ممکنہ حملے کو روکا گیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کو بعض عناصر نے بلیک میل اور دباؤ کے ذریعے اس مشن کے لیے تیار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا کے ذریعے ایک خاتون کی گمشدگی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد سیکیورٹی اداروں نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے معاملے کا سراغ لگایا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق بعض شدت پسند گروہ خواتین کو مختلف طریقوں سے ورغلا کر یا بلیک میل کر کے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ایک سنگین اور قابلِ مذمت رجحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار خاتون سے ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسے اسلام آباد میں حملے کے لیے تیار کیا جا رہا تھا اور اس پر شدید دباؤ ڈالا گیا تھا۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ حکومتی فیصلے کے تحت متعلقہ خاتون کو اس کے اہلِ خانہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اس کی بحالی اور دیکھ بھال ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت مداخلت سے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کے پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے سے محتاط رہیں جو مختلف شناختوں کا سہارا لے کر نوجوانوں کو غلط راستے پر لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست امن و امان کے قیام اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

Leave a reply