ریاض کے واحد الکوحل اسٹور میں شدید قلت، شیلفیں خالی ہونے لگیں

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں غیر مسلم سفارتکاروں اور محدود غیر ملکیوں کے لیے قائم واحد لائسنس یافتہ الکوحل اسٹور میں حالیہ دنوں کے دوران مختلف مشروبات کی شدید قلت دیکھنے میں آ رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسٹور کی شیلفیں کافی حد تک خالی ہو چکی ہیں اور صارفین کو بیئر، وائن اور دیگر الکوحل مصنوعات کی محدود اور مہنگی اقسام ہی دستیاب ہیں۔ بعض خریداروں کا کہنا ہے کہ سپلائی میں تعطل کے باعث صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس سے اسٹاک مسلسل متاثر ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق دکان پر آنے والے بعض افراد نے بتایا کہ وائٹ وائن مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے جبکہ ریڈ وائن کی صرف چند مہنگی بوتلیں باقی رہ گئی ہیں۔ اسی طرح بیئر کی دستیابی بھی محدود ہے اور بعض اوقات غیر معروف برانڈز ہی مل رہے ہیں۔
اسٹور کے باہر رش میں اضافہ بھی دیکھا گیا ہے، جس کے باعث لمبی قطاریں لگ رہی ہیں اور بعض اوقات انتظار کے دوران لوگوں میں تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آ رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق عملے نے خریداروں کو بتایا ہے کہ سپلائی میں تاخیر بیرونی ترسیلات کی وجہ سے ہو رہی ہے، جو خطے کی صورتحال اور لاجسٹک مسائل سے متاثر ہیں۔
یہ اسٹور سعودی عرب کی ان محدود اصلاحات کا حصہ سمجھا جاتا ہے جن کا مقصد غیر ملکی ماہرین اور سفارتکاروں کے لیے سہولیات میں اضافہ کرنا ہے، جبکہ ملک میں عمومی طور پر 1952 سے شراب پر پابندی برقرار ہے۔
اس سے قبل بھی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ مزید شہروں میں ایسے محدود اسٹورز کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
حکام کی جانب سے اس صورتحال یا سپلائی میں بہتری کے اقدامات کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔









