
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مطابق سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو اسرائیلی حراست سے رہا کر دیا گیا ہے اور انہیں وطن واپسی کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ مشتاق احمد خان کو اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے فلوٹیلا میں موجود تھے۔ ان کے مطابق یہ حراست غیر قانونی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ رہائی کے بعد مشتاق احمد خان کو پہلے ترکیہ منتقل کیا گیا ہے جہاں سے ان کی پاکستان واپسی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے اس معاملے میں تعاون فراہم کرنے پر یونان کے حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے نے بھی اس عمل میں اہم کردار ادا کیا۔
اسحاق ڈار نے ترک قیادت کی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے مشتاق احمد خان کی استنبول منتقلی میں سہولت فراہم کی۔ ان کے مطابق وزارت خارجہ اور سفارتی عملے نے بھی اس معاملے میں بھرپور محنت کی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سابق سینیٹر کو ترکیہ کی پرواز کے ذریعے وطن روانہ کیا گیا ہے اور ان کی جلد پاکستان آمد متوقع ہے۔








