یکم مئی: بینکوں سمیت تمام ادارے بند رکھنے کا فیصلہ

0
24
یکم مئی: بینکوں سمیت تمام ادارے بند رکھنے کا فیصلہ

حکومت سندھ نے یکم مئی 2026 بروز جمعہ کو یومِ مزدور کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق اس دن تمام سرکاری دفاتر، ذیلی دفاتر، خود مختار ادارے، کارپوریشنز اور سندھ حکومت کے زیر انتظام مقامی کونسلیں بند رہیں گی۔ تاہم ضروری خدمات انجام دینے والے ادارے معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یومِ مزدور سرکاری سطح پر منایا جائے گا، جبکہ نجی اداروں میں بھی تعطیل ہوگی۔ اسی سلسلے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی یکم مئی کو ملک بھر میں بینکوں کی بندش کا اعلان کیا ہے۔

اس سال یکم مئی جمعہ کے دن ہونے کی وجہ سے ہفتہ اور اتوار کے ساتھ ملا کر تین روزہ طویل تعطیلات میسر آئیں گی، جس سے سرکاری و نجی ملازمین کو لمبا ویک اینڈ حاصل ہوگا۔

یومِ مزدور کی تاریخ 1886 سے جڑی ہے، جب امریکہ کے شہر شکاگو میں مزدوروں نے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کیا تھا۔ اس دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں کئی مزدور جان سے گئے اور متعدد کو سزائیں دی گئیں۔ انہی قربانیوں کی یاد میں دنیا بھر میں یکم مئی کو محنت کشوں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

پاکستان میں یومِ مزدور منانے کا آغاز 1973 میں کیا گیا۔ ہر سال اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، جن کا مقصد مزدوروں کے حقوق کو اجاگر کرنا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہوتا ہے۔

Leave a reply